پاک،امریکہ تعلقا ت کا اہم ترین پہلو عوام ہیں ، امریکی ناظم الامور جان ہوور

پاک،امریکہ تعلقا ت کا اہم ترین پہلو عوام ہیں ، امریکی ناظم الامور جان ہوور

اسلا م آباد(پ ر)امریکی حکومت کے مالی تعاون سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں کے700 سے زیادہ سابق شرکا نے اسلام آباد میں پاکستان،یو ایس الومنائی نیٹ ورک( پی یو اے این)کے دسویں یوم تاسیس میں شرکت کی ۔تقریب میں تنظیم کے ارکان کی ان کے علاقوں میں فلاح و بہبود کی خدمات کا بھی اعتراف کیاگیا۔ امریکی حکومت کے پروگراموں میں شرکت کرنے والے سیاست دانوں، اسکالرز، صحافی اور کاروباری شخصیات کے ساتھ طالبعلموں نے بھی تقریب میں شرکت کر کے الومنائی تنظیم کے قیام کادس سال کا جشن منایا اور اپنے تجربات بیان کرنے کے ساتھ ساتھ، پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ امریکی ناظم الامور جان ہوور نے اِس موقع پر یوم تاسیس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔امریکہ تعلقا ت کا اہم ترین پہلو عوام ہیں اور تقریب میں موجود الومنائی جیسے افراد ہی مستقبل میں ملکی قیادت سنبھال کر محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کریں گے۔ الومنائی کے علاقائی صدر سید علی حماد نے شرکا پر تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور امریکہ میں حاصل کیے گئے علم کو پاکستان بھر میں پھیلانے پرزور دیا۔ گزشتہ سال کے دوران الومنائی گروپ کے ارکان نے سماجی بہبود کی درجنوں سرگرمیوں کا اہتمام کرتے ہوئے تعلیم، لیڈرشپ کی تربیت، انسدادِ منشیات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں فعال کردار ادا کیا۔ حکومتِ امریکہ پاکستانی شہریوں کے امریکہ میں حصول تعلیم پر سالانہ چار ارب80کروڑ روپے خرچ کرتی ہے۔ لگ بھگ 1000 سے زائد پاکستانی ہر سال ہائی اسکول، انڈر گریجوئٹ، گریجوئٹ اور پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں۔ پی یو اے این کے اس وقت ، 25000سے زیادہ ارکان ہیں اور 2008ء میں الومنائی نیٹ ورک کے آغاز سے اب تک امریکہ نے پاکستانی طالبعلوں کو18000 سے زیادہ تعلیمی وظائف فراہم کئے ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر