تھر میں بارش کی امیدیں دم توڑ گئیں، قحط سالی کا خطرہ

تھر میں بارش کی امیدیں دم توڑ گئیں، قحط سالی کا خطرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


تھر (خصوصی نامہ نگار)تھر میں بارش کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں، بارش نہ ہونے سے فصلوں کی کاشت بھی نہ ہو سکی،جس سے حالات سنگین ہونے لگے اور قحط سالی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔پیاسے صحرا میں کھڑے چرواہے آسمان پر چھائے بادلوں کو امید بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے بادلوں کے برسنے کی دعائیں مانگتے ہیں، اونچی شاخوں پر بیٹھے مور بھی بارش کی التجائیں کرتے محسوس ہوتے ہیں۔تھرکی خشک دھرتی پر کالی گھٹاؤں کو چھائے تو دو ماہ ہو گئے ہیں مگر پھر بھی یہ ریتیلی دھرتی پیاسی کی پیاسی ہے۔پانی زندگی ہے مگر تھر میں تو زندگی کا پہیہ بارش کے پانی پر چلتا ہے اور حالیہ سیزن میں بارشوں کا نہ ہونا کئی المیوں کو جنم دے سکتا ہے۔گرمی کے طویل اور شدید سلسلے کے باعث علاقے میں خشک سالی کی شدت ہے جو بارش کے نہ ہونے سے قحط سالی میں بدلنے کا امکان ہے۔