کراچی ،اے سی ایل سی کی کارروائی ،بدنام کارلفٹر رضو ان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)اے سی ایل سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ کار لفٹر رضوان عرف حسن کو گرفتار کرلیا، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کے ڈی اے فلیٹ پر دوران ڈکیتی سیکیورٹی گارڈ کو قتل بھی کیا تھا، اسٹیل ٹاؤن کے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل نے شہر میں کار لفٹرز کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ کار لفٹر رضوان عرف حسن کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم نے 31 جولائی کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایف بی ایریا سے ٹویوٹا کرولا کار چھینی تھی، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کے ڈی اے فلیٹ پر دوران ڈکیتی سیکیورٹی گارڈ کو قتل بھی کیا تھا، ملزم کے دیگر رشتہ دار بھی اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں، ملزم قتل اقدام قتل اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے ملزم کے قبضے سے ایک مسروقہ کار بھی برآمد کی گئی ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، ادھر اسٹیل ٹاون میں واقع خالی پلاٹ سے لاش ملی ہے، مقتول کی شناخت غلام نبی کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق مقتول خالی پلاٹ پر چوکیدار تھا اور واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا، مقتول کے سر پر بھاری چیز سے وار کیا گیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔