میاں ثاقب نثار کی نشتر آمد پر ڈاکٹرز کا احتجاج‘ اضافی تنخواہ دینے کا مطالبہ

میاں ثاقب نثار کی نشتر آمد پر ڈاکٹرز کا احتجاج‘ اضافی تنخواہ دینے کا مطالبہ

ملتان (وقائع نگار ) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی آمد کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں ہائی الرٹ رہا، نشتر ہسپتال ، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ، شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہسپتال،سول ہسپتال ، چلڈرن کمپلیکس میں انتظامیہ نے ڈاکٹروں ، نرسوں ،پیرا میڈیکل سٹاف کو ڈیوٹی روسٹرکے مطابق الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی ،صفائی کے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے تھے۔ ادھر ینگ ہاؤس آفیسرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر احمد سعد اور ڈاکٹر رانا ذیشان کی قیادت میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی نشتر آمد کے موقع پر احتجاج کیا اور چیف جسٹس کو درخواست جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام ہاؤس آفیسرز کو مشاہرے جاری کئے جائیں ، نشتر ہسپتال میں ہاؤس جاب کی محدود سیٹیں ہیں ، بہت سارے ہاؤس آفیسرز بغیر تنخواہ کے 24 ، 24 گھنٹے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام ہاؤس آفیسرز کو تنخواہ دی جائے‘ ڈیوٹی کے اوقات کار فکس کئے جائیں‘ فکس ڈیوٹی کے اوقات سے زائد ڈیوٹی پر اضافی تنخواہ دی جائے۔ احتجاج کرنے والے ہاؤس آفیسرز میں ڈاکٹر صائمہ جبار ،ڈاکٹر رانا شہزاد ، ڈاکٹر اسامہ حسن ، ڈاکٹر وقاص لغاری ، ڈاکٹر عمیر، ڈاکٹر ذیشان ، ڈاکٹر دانش، ڈاکٹر حفصہ ، ڈاکٹر عروج فاطمہ ، ڈاکٹر کائنات و دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹرز کا احتجاج

مزید : کراچی صفحہ اول