وینزویلا: صدر نکولس پرنیشنل گارڈ تقریب کے دوران ڈرون سے حملہ،بھگڈر مچنے پر فوجی جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے

وینزویلا: صدر نکولس پرنیشنل گارڈ تقریب کے دوران ڈرون سے حملہ،بھگڈر مچنے پر ...
وینزویلا: صدر نکولس پرنیشنل گارڈ تقریب کے دوران ڈرون سے حملہ،بھگڈر مچنے پر فوجی جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے

  

کاراکس(ڈیلی پاکستان آن لائن)وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پرتقریب میں خطاب کے دوران ڈرون سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تقریب میں بھگڈر مچ گئی تاہم وہ محفوظ رہے لیکن پریڈ تقریب میں کھڑے فوجی اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر نکولس میڈورو نیشنل گارڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اس دوران دھماکا خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون سے دھماکے کئے گئے جس میں صدر نکولس بال بال بچ گئے تاہم 7 نیشنل گارڈزخمی ہوگئے۔

وینزویلا کے وزیر اطلاعات نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے اس وقت کئے گئے جب صدر نکولس تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران دھماکا خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون دھماکے سے پھٹے۔

وینزویلا کے صدر نے ڈرون دھماکوں اور خود پر قاتلانہ حملوں کا الزام امریکا، کولمبیا اور اپنے ملک کی دائیں بازوں کی جماعت پر لگایا ہے۔

صدر نکولس نے قوم سے خطاب میں کہا کہ حملے کی مالی مدد کرنے والے اور کئی منصوبہ ساز فلوریڈا میں رہتے ہیں۔

صدرنکولس نے بتایا کہ اڑتی ہوئی چیز ان کے سامنے پھٹی، ابتدا میں انہیں لگا کہ تقریب میں شاید کوئی تکنیکی خرابی ہوگئی لیکن اسی دوران دوسرا دھماکا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خدا ،عوام اور فوج نے بچایا۔دوسری جانب صدرنکولس پر باغی گروپ نے ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مزید : بین الاقوامی