زلمی فاونڈیشن کے تعاون سے گلگت بلتستان میں تیسری نیشنل یوتھ کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان میں سنٹر فار سسٹین ایبلٹی ریسرچ اینڈ پریکٹس یونیورسٹی آف لاہورکے زیراہتمام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، آئی آئی یو آئی اور زلمی فاﺅنڈیشن کے تعاون سے تیسری نیشنل یوتھ کانفرنس کا انعقادہوا۔ اس کانفرنس کا مقصد پاکستان بھر سے نوجوانوں کو گلگت بلتستان میں اکٹھا کرنا اور ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں وہ اپنے تجربات شیئر کر سکیں اور کامیابیوں کے نئے راستوں سے روشناس ہو سکیں۔ یہ پلیٹ فارم کئی سالوں سے ملک کے مختلف حصوں سے نوجوانوں کو ایک دوسرے سے ملنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے جس میں وہ ایک دوسرے کی ثقافت سے واقفیت حاصل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کانفرنسز میں نوجوان گورننس کے معیار کو بہتر بنانے میں اپنے کردار، موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحولیات کی اہمیت اور انسانی زندگی کے مختلف حوالوں سے آگہی حاصل کرتے ہیں۔
کانفرنس کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ”یہی نوجوان ہمارے ملک کا آج اور کل ہیں اور ہمارا یقین ہے کہ یہ کانفرنس ملک کے مختلف حصوں کے نوجوانوں کا باہمی تعلق و رابطہ مضبوط کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔ ہم اس اقدام کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت کر رہے ہیں اور انہیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر جاننے اور باہم ہم آہنگی پیدا کرنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔زلمی فاﺅنڈیشن کو فخر ہے کہ وہ ملک میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی ترویج کر رہی ہے۔ہماری نوجوان نسل ہمارا اثاثہ ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہمیں اپنے ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہو گا۔ اس کانفرنس کے ذریعے ہم نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 70سے 80نوجوانوں کو گلگت بلتستان کی میزبانی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ان میں نہ صرف لڑکے اور لڑکیوں بلکہ مذہبی اقلیتوں کو بھی یکساں نمائندگی دی گئی ہے۔ “