تانگیر میں گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ ،سیشن جج محفوظ رہے
گلگت(ڈیلی پاکستان آن لائن)دیامرکے علاقے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی تاہم سیشن جج حملے میں محفوظ رہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چلاس میں گرلز سکولوں کو جلانے اور دھماکہ خیز مواد سے اڑانے والے شرپسند عناصر کےخلاف سرچ آپریشن جار ی ہے اسی دوران دہشت گردوں نے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اس پر فائرنگ کر دی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔دہشت گردوں کی جانب سے سیشن جج ملک عنایت پر حملہ گھر واپسی پر کیا گیا اور گاڑی میں ملک عنایت اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ چلاس اور دیامر میں شرپسندوں نے 2 روز قبل 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کر کے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑا دیا تھا جبکہ کچھ سکولوں میں آگ بھی لگا دی تھی جس کے بعد پولیس نے داریل اور اس کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ رات گئے نواحی گاؤں تانگیر میں سرچ آپریشن کے دوران کمین گاہ میں چھپے شرپسندوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔