امریکی خاتون اول نے ہی صدر ٹرمپ کو زوردار جھٹکا دے دیا، کھل کر ’بغاوت‘ کردی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کی باہم بے رخی کے چرچے تو پہلے ہی عالمی میڈیا کی زینت بنتے رہتے تھے۔ اب پہلی بار میلانیا نے کھل کر بغاوت کر دی ہے اور اپنے شوہر کو زوردار جھٹکا دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ نے امریکہ کے معروف باسکٹ بال کے کھلاڑی لی بارن جیمز کو اپنی ایک ٹویٹ میں تضحیک کا نشانہ بنایا تھا، جس پر اب میلانیا ٹرمپ لی بارن جیمز کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔میلانیا کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”لی بارن جیمز ہماری نئی نسل کے ایماءپر بہت اچھا کام کر رہا ہے۔ جیسا کہ خاتون اول ہر کسی کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں کہ وہ بچوں کو درپیش مسائل پر آزادانہ مباحثہ کریں، اس حوالے سے لی بارن جیمز کی گفتگو کو بھی وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔“
رپورٹ کے مطابق لی بارن جیمز نے سی این این کے میزبان ڈوم لیمن کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”صدر ٹرمپ باسکٹ بال کے کھیل کو نسل پرستانہ کشیدگی کو بڑھاوا دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔“اس انٹرویو کے بعد صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ”لی بارن جیمز کا انٹرویو کندذہن شخص ڈوم لیمن نے کیا، جس کی وجہ سے لی بارن بہت چالاک نظر آیا۔ایسا کرنا آسان نہیں ہے۔ میں مائیک کو پسند کرتا ہوں۔“ڈونلڈٹرمپ کی اس لڑائی میں میلانیا نے اپنے شوہر کی کھلے عام مخالفت کرتے ہوئے لی بارن جیمز کا ساتھ دیا۔ میلانیا کی طرف سے کھلے عام اس طرح پہلی بار صدر ٹرمپ کی مخالف سامنے آئی ہے۔