مسترد شدہ کرپٹ سیاستدانوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ،عمران خان کا ویژن ملک کو مستحکم کرنا اور اسلامی ممالک کو قریب لانا ہے :عبدالعلیم خان

مسترد شدہ کرپٹ سیاستدانوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ،عمران خان کا ویژن ملک کو ...
مسترد شدہ کرپٹ سیاستدانوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ،عمران خان کا ویژن ملک کو مستحکم کرنا اور اسلامی ممالک کو قریب لانا ہے :عبدالعلیم خان

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نو منتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ویژن قرضوں کے بوجھ تلے ملک کو مستحکم کرنا اور اسلامی ممالک کو قریب لانا ہے ،لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں نے پاکستان کو کمزور معیشت ،غربت ،بے روزگاری اور پے درپے قرضوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ عمران خان سادگی اور کفایت شعاری کو شعار بناتے ہوئے ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں عام آدمی کو اُس کا حق مل سکے ،مصنوعی ترقی کا پول عوام کے سامنے کھل چکا ہے اور عام انتخابات کے ایک ہفتے بعد ہی لوڈ شیڈنگ کے عفریت نے عوام کو دوبارہ جکڑ لیا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کا مینڈیٹ حاصل کرنے والوں کو آزادانہ طور پر حکومتیں بنانے کا اختیار دیا جائے لیکن بعض عناصر اپنے مخصوص مقاصد کیلئے ملک میں افراتفری اور بے یقینی کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مسترد شدہ کرپٹ سیاستدانوں کی سازشیں ناکام ہوں گی اور پی ٹی آئی وفاق اور صوبوں میں مضبوط حکومتیں بنائے گی جو عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کرتے ہوئے خیبر پختونخواجیسا طرز حکمرانی قائم کرے گی جن پر عوام دوبارہ اپنے اعتماد کا اظہا ر کر سکیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے وراثت میں صرف کرنٹ اکاؤنٹ کا 18ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑا ہے، اُن کے مفرور وزیر خزانہ کے معیشت کو مستحکم کرنے کے جھوٹے دعوے آشکار ہو چکے ہیں، پاکستان کو مہنگائی،افراط زر اورقرضوں کی ادائیگی سمیت کئی ایک چیلنجز کا سامنا ہے جن سے پی ٹی آئی کی حکومت بخوبی نمٹے گی ۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا سارا دارومدار ٹیم کے کپتان کی پالیسیوں پر منحصر ہے اور انشاء اللہ عمران خان قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے کامیاب و کامران ہوں گے ، مختلف ملکوں کے سربراہان کی طرف سے عمران خان کی حوصلہ افزائی اور اُن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار اس امر کا اظہار ہے کہ خطے میں وطن عزیز کو نمایاں مقام حاصل ہو گااور پاکستان ترقی و خوشحالی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔

مزید : قومی