”لشکر طیبہ کے پانچ مجاہدین دہلی میں داخل ہو چکے ہیں اور وہ ۔۔۔ “ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے نئے جھوٹ نے پورے ہندوستان کو خوف میں مبتلا کردیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ہندوستان کی مودی سرکار اور بھارتی خفیہ ایجنسیاں مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو روکنے اور پاکستان کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں ،اب اگست میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کوئی نیا’’ تماشا ‘‘ سجانے کے لئے الرٹ جاری کرتے ہوئے انڈین سیکیورٹی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر ہندوستانی دارلحکومت دہلی میں لشکر طیبہ کے مجاہدین نے دہشت گردی کا بڑے حملے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس سلسلہ میں لشکر طیبہ کے 5مجاہدین دہلی میں داخل بھی ہو چکے ہیں لہذا سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل کے مطابق 15اگست کو انڈیا کے یوم آزادی کے موقع پر ہر بار کسی حملے کا خدشہ رہتا ہے لیکن اس بار بھارتی خفیہ اداروں نے بڑا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لشکر طیبہ کے پانچ مجاہدین دہلی میں داخل ہو چکے ہیں اور یہ دہشت گردپولیس اور سیکیورٹی اداروں کو دھوکہ دینے کے لئے ہندو اور سکھوں کے لبادے میں بھیڑ والے علاقوں میں قائم بڑے مندروں ،مساجد ،گرجا گھروں،درگاہوں ،بازاروں ،بڑی سرکاری عمارتوں ،ریلوے سٹیشن ،بس اڈے اور دہلی ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں ۔بھارتی خفیہ اداروں نے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار دہشت گردوں نے بڑی منظم منصوبہ بندی کی ہے لہذا سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف اور دہشت گردوں کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کے لئے فوری انتظامات کئے جائیں ۔دوسری طرف آزاد مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ اداروں کی جانب سے اس طرح کے الرٹ جاری کرنے کا مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ پہلے سے گرفتار کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں پار کرنے کے لئے بے بنیاد ڈھونگ رچایا جائے اور پاکستان پر الزام تراشی کی جائے ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بدنام زمانہ ہندوستانی خفیہ اداروں کے اس الرٹ کے بعد جلد ہی پہلے سے گرفتار کشمیری نوجوانوں کے مارے جانے کی خبر سامنے آئے گی اور بھارتی سیکیورٹی اداروں کی طرف سے دعویٰ کیا جائے گا کہ انہوں نے دہلی کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے ۔