بھارتی پولیس نے پاکستانی جھنڈاتحویل میں لے لیا
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ریاست شری گنگا نگرمیں کھیت سے پاکستانی پرچم پڑا ملا ہے۔ جھنڈے کو دیکھ کرمقامی افرادنے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے موقع پرپہنچ کرجھنڈے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس نے اس متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مطلع کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی جھنڈا کے پدم پورکےعلاقے میں 29 بی بی واقع کھیت میں ملا۔ صبح تقریباً 8 بجے مقامی لوگوں نے جھنڈے کو دیکھا۔ پاکستانی جھنڈے کی اطلاع ملنے پر وہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور پدم پورپولیس کومطلع کیا۔ اطلاع پرپدم پورپولیس موقع پرپہنچ گئی اور جھنڈے کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے جھنڈے کے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں کومطلع کردیا ہے۔ جھنڈے کو فی الحال پدم پورتھانے میں رکھا گیا ہے۔پاکستانی جھنڈے کے ساتھ سات الگ الگ رنگ کے غبارے لگے ہوئے تھے، جھنڈے پراردو میں "جشن آزادی مبارک" بھی لکھا ہوا تھا۔ وہیں جھنڈے پرپاکستان کا ایک موبائل نمبربھی درج ہے۔ ابتدائی جانچ میں مانا جارہا ہے کہ پاکستان میں منعقدہ کسی تقریب کے ساتھ جھنڈا چھوڑا گیا تھا، جوہوا کے ساتھ اڑتا ہوا ہندوستانی سرحد میں آگیا۔ پورے معاملے کی جانچ انٹیلی جنس ایجنسیاں کریں گی۔