میرا کام وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے سہولت پیدا کرنا ہے تاکہ عمران خان مرکز کی طرف بھرپور توجہ دیں:پرویز الہٰی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ بطور سپیکر پنجاب اسمبلی میرا کام وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے سہولت پیدا کرناہے تاکہ عمران خان مرکز میں آسانی سے ڈلیور کرسکیں۔
دنیانیوز کے پروگرام ”محاذ “ میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا خون شریف برادران کا تعاقب کرے گا اور جب انہوں نے ختم نبوت کاقانون بدلا تو میں نے کہا کہ اب یہ نہیں بچیں گے ۔جب میں عمران خان سے ملنے گیا تو وہ مجھ سے بڑی محبت سے پیش آئے اور کہا کہ چودھری صاحب آپ نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ نہیں چھوڑنی ، آپ کا اتنا تجربہ ہے آپ بطور سپیکر آئیں اور اتنے بڑے ایوان کو کنٹرول کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے میرے کاموں کی تعریف کو جو میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان سے مل کر کام کریں گے ہم نے مشرف کے ساتھ بھی کام کیا تھا جنہوں نے کافی اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ سردار ایاز صادق کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ شہبازشریف اورحمزہ شہباز آپ سے ملنا چاہتے ہیں تومیں نے کہا کہ ہم عمران خان سے ملاقات کرنے جارہے ہیں اس کے بعد وہ چاہیں تو مل سکتے ہیں لیکن عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعدان کو پیغام چلا گیا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی حد سے تجاوز نہیں کرتا ، میری حد سپیکر کی ہے اور اب وزیر اعلیٰ پنجاب کس نے بننا ہے وہ عمران خان کا کام ہے ۔ میرا کام وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے آسانی پیدا کرنا ہے تاکہ عمران خان مرکز میں آسانی سے ڈلیور کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ کام ہے کہ میں ایوان میں تحریک انصاف کی اکثریت میں اضافہ کروں اور ہم قانون سازی بھی کریں گے اور وہ بھی اس انداز سے کہ اپوزیشن والے بھی راضی رہیں گے ۔