کراچی کو برباد کرنے والے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،علی زیدی کی نام نہاد’ صفائی مہم‘ فوٹو سیشن سے زیادہ کچھ نہیں:مرتضی وہاب

کراچی کو برباد کرنے والے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،علی زیدی کی نام ...
کراچی کو برباد کرنے والے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں،علی زیدی کی نام نہاد’ صفائی مہم‘ فوٹو سیشن سے زیادہ کچھ نہیں:مرتضی وہاب

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر  بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے  کہاہے کہ کراچی کو برباد کرنے والے آج دوسروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں،کراچی کی تباہی کا سندھ حکومت پر الزام آج کا بڑا لطیفہ ہے، میئر سے کچھ بنتا نہیں تو الزام تراشی پر اتر آتے ہیں،علی زیدی کی نام نہاد’ صفائی مہم‘ فوٹو سیشن سے زیادہ کچھ نہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابقمیئرکراچی وسیم اختر کے بیان اور وفاقی وزیر علی زیدی کی ’صفائی مہم‘ پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وسیم اختر بتائیں کون سی طاقت نے انہیں شہر کی صفائی ستھرائی سے روک رکھاہے؟اپنی نااہلی اور غفلت دوسروں پر تھوپنے سے گریز کریں، ہر ادارے اور شخص نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہوتی توکراچی والوں کو سکھ کا سانس نصیب ہوتا، افسوس کراچی کے دعویداروں نے ہی اس شہرکو نوچ کر تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ  وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی  کی نام نہاد صفائی مہم فوٹو سیشن سے زیادہ کچھ نہیں،ان سے بحری امور سنبھالے نہیں جاتے اور چلے ہیں شہر صاف کرنے، بلدیاتی اداروں کے کام کو اپنے کھاتے میں ڈالنا کوئی پی ٹی آئی والوں سے سیکھے۔انہوں نے کہا کہ  علی زید ی نے ڈی ایم سی کیماڑی کی صفائی مہم کا کریڈٹ ٹویٹ داغ کر اپنے کھاتے میں ڈال لیا، انکی فوٹو سیشن ٹیم کیلئے دعاگو ہیں، نالے صاف کرنے کے دعویدار جان لیں کراچی میں556  چھوٹے بڑے نالے ہیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -