گرما تعطیلات‘ محکمہ تعلیم کا حکم روندنے والے 5 پرائیویٹ سکولوں کو نوٹس

گرما تعطیلات‘ محکمہ تعلیم کا حکم روندنے والے 5 پرائیویٹ سکولوں کو نوٹس

  

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم نے موسم گرما کی تعطیلات کے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 5پرائیویٹ سکو لز کو نوٹس جاری کر دئیے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ تعلیم کے حکام کو شکایات (بقیہ نمبر37صفحہ12پر)

موصول ہوئی تھیں کہ مختلف سکولز حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں اور موسم گرما کی تعطیلات میں بھی سکولز کھولے ہوئے ہیں اور زبردستی طلباوطالبات کو سکولز آنے پر مجبور کر دیا گیا ہے اور انہیں موسم گرما کی چھٹیوں کے ثمرات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے حکم پر افسران تعلیم نے چیکنگ کی تو 5پرائیویٹ سکولز کھلے پائے گئے جہاں طلبا وطالبات کو زبردستی گھروں سے بلایا گیا تھا۔ ان میں ایکسیلنٹ سکول قاسم پور کالونی‘ گرائمر سکول سورج میانی‘ لاریٹس سکول شمس آباد کیمپس‘ریفاق سکول سسٹم شمس آباد کالونی اور اقرا گرائمر سکول شمس آباد کالونی شامل ہیں۔ اس پر سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے ان سکولز کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور باور کرایا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر رولز کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی‘ موسم گرما کی تعطیلات سے قبل ہی پرائیویٹ میسج انٹرنیشنل سکول سسٹم شاہ رکن عالم کالونی کھل گیا۔ سکول کی انتظامیہ طلبہ کو زبردستی سکول آنے پر مجبور کرنے لگی۔بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری و پرائیویٹ سکولز میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جس کے مطابق تمام سکولز 15اگست کو کھولے جائیں گے مگر پرائیویٹ میسج انٹرنیشنل سکول سسٹم شاہ رکن عالم کالونی کی انتظامیہ نے اس حکومتی حکم کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور یکم اگست کو ہی سکول کھول لیا اور زبردستی طلبہ کو سکول آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جب سکول انتظامیہ سے طلبہ کے والدین کہتے ہیں کہ حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق تو موسم گرما کی تعطیلات 14اگست تک ہیں تو سکول انتظامیہ کا جواب ہوتا ہے کہ ”ہم کسی بھی نوٹیفکیشن اور ایجوکیشن اتھارٹی کو نہیں مانتے‘ہمارے اپنے رولز ہیں۔ سکول تعطیلات سے قبل ہی کھول لیا ہے تو طلبہ کو آنا ہی پڑے گا۔طلبہ اور ان کے والدین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے حکام‘ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے صورتحال کا نوٹس لینے اور حکومتی رٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔اس بارے میں رابطہ کرنے پر محکمہ تعلیم سکولز کے حکام نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں ہے۔ چیکنگ کی جائے گی اور سکول کھلا ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔

سکول‘ نوٹس

مزید :

ملتان صفحہ آخر -