کلسٹر بم کے استعمال نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا،اعجاز چودھری

کلسٹر بم کے استعمال نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا،اعجاز چودھری

  

لاہور(پ ر) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا،بھارتی افواج نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا،بھارت ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کر رہا ہے، کلسٹر بم سے معصوم بچے اور شہری شہید ہوئے، عالمی برداری اور اقوام متحدہ کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔

اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے، کلسٹرٹوائے بم شہریوں کے خلاف تباہ کن ہتھیار ہے اس بم سے بچوں‘ گھروں کو خصوصی طورپر نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے، بھارتی فورسز نے کلسٹر بم کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جو جنیوا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،جنیوا کے کلسٹر ایمونیشن کنونشن کے تحت عام شہریوں پر کلسٹر بم کا استعمال ممنوع ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کا جنگی جنون تمام بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، بھارت کا کوئی ہتھیار کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، انشاء اللہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوگی، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑ اہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،مقبوضہ کشمیر میں حالات بھارت کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -