اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جادوگری سے ناکام بنائی گئی،اویس نورانی

اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جادوگری سے ناکام بنائی گئی،اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد”جادوگری“ سے ناکام بنائی گئی۔ جنرل الیکشن میں ڈبل مہر والی دھاندلی چیئرمین سینٹ کو بچانے کے لئے دہرائی گئی۔ ضمیر فروش سینٹرز نے اپنے منہ پر کالک ملی۔ اپوزیشن ہار کر بھی جیت گئی ہے۔ سیلکٹڈ چیئرمین کے خلاف سینیٹرز کی واضع اکثریت اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو کر عدم اعتماد کا اظہار کر چکی۔ خفیہ ووٹنگ کے دوران تیکنیکی بنیاد پر چیئرمین سینٹ کو بچا کر بری روایت قائم کی گئی ہے۔ دھرنا برانڈ حکومت اب دھرنوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہو جائے۔

اپوزیشن نئے جذبے کے ساتھ حکومت کے خلاف میدان میں اترے گی۔ حاصل بزنجو پر قائم کیا گیا مقدمہ قابل مذمت ہے۔ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اپوزیشن کو کالی بھیڑوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ میر جعفر اور میر صادق تلاش کر کے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عید سے پہلے مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کو ذلت اور اذیت سے دوچار کر دیا ہے۔ تبدیلی کا دعویدار عمران خان خود تبدیل ہو گیا ہے۔ عمران خان کذبستان کا بے تاج بادشاہ ہے۔ کینسر ہسپتال بنانے والے نے اقتدار میں آ کر پورے ملک کو کینسر زدہ کر دیا ہے۔ ہر گھر میں فاشسٹ حکومت سے نجات کی دعا مانگی جا رہی ہے۔ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی۔ سال تبدیل ہونے سے پہلے حکومت تبدیل ہو جائے گی۔ مریم نواز کے جلسوں کو میڈیا کوریج نہ ملنا افسوسناک ہے۔ میڈیا پر ناروا پابندیاں آمرانہ عمل ہے۔