محکمہ ایکسائز سندھ کی کارروائی،60 کلو گرام چرس برآمد، دو ملزم گرفتار

محکمہ ایکسائز سندھ کی کارروائی،60 کلو گرام چرس برآمد، دو ملزم گرفتار

  

کراچی (آن لائن) محکمہ ایکسائز سندھ نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اپنی تیسری بڑی کارروائی کرتے ہوئے 60 کلو گرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اباڑو پولیس نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر حسن علی دشتی کی سربراہی میں ایک مشکوک ٹویاٹا ہائی ایکس نمبر CJ 1120 کی تلاشی لی۔ملزمان حسین راجپوت رہائشی لاہور اور ذاکر درانی رہائشی کراچی نے گاڑی کے خفیہ خانوں میں 60 کلو گرام چرس چھپا رکھی تھی۔چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات حلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شبیر احمد شیخ اور شعیب احمد صدیقی نے کامیابی پر سندھ میں چرس اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنانے والی ایکسائز ٹیم کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے افسران اور عملے کے اراکین اس جذبے کے تحت کام کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب سندھ منشیا ت سے پاک صوبہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ دار ی ہے۔

چرس برآمد

مزید :

علاقائی -