سانگھڑ،پولیس اہلکار شراب پی کر جانوربن گیا،ویٹر کو کاٹا،مزدور کا کان چبا کر الگ کردیا
سانگھڑ(این این آئی)نجی ہوٹل جیم خانہ میں مبینہ طور پر نشے میں دھت 8 افراد نے معمولی بات پر ویٹر اور مزدور پر حملہ کر دیا جبکہ حملے میں پولیس اہلکار نے ہوٹل کے ویٹر کو بازو اور مزدور کو کان پر کاٹ لیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سانگھڑ کے نجی ہوٹل جیم خانہ میں آٹھ افراد کھانا کھا رہے تھے کہ مبینہ طور پراچانک ہوٹل کے ویٹر سے گالی گلوچ کرتے ہوئے الجھ پڑے،نشے میں دھت پولیس اہلکار علی جان صدیقی،عزیر پٹھان، نعیم راجپوت اور دیگر پانچ نامعلوم افراد گتھم گتھا ہوگئے۔ نشے کی حالت میں پولیس اہلکار نے ہوٹل کے ویٹر کو بازو اور مزدور کو کان پر کاٹ لیا۔مزدور کے کان کا ایک چوتھائی حصہ کان سے الگ ہو گیا، زخمی مزدور کو سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر سانگھڑ پولیس نے پولیس اہلکار و دو دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایس ایچ او سانگھڑ احسان بلیدی کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیاگیا، دونوں فریقین کے درمیان راضی نامہ ہو گیا ہے،دوسری طرف متاثرین کے ورثا نے بتایاکہ پولیس اپنے پٹی بند بھائی کو بچانے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے اب تک مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا جبکہ زخمیوں نے آئی جی سندھ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔
شرابی اہلکار