فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹونٹی ورلڈ کرکٹ سیریز آج پاکستان اورانگلینڈ کے میچ سے شروع ہوگی
لندن (انین این آئی) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹونٹی ورلڈ کرکٹ سیریز 5 اگست سے شروع ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹونٹی ورلڈ کرکٹ سیریز 5 سے 13 اگست تک انگلینڈ میں کھیلی جائیگی جس میں میزبان انگلینڈ سمیت چار ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئینگی۔ فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹونٹی ورلڈ کرکٹ سیریز میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں میزبان انگلینڈ کے علاوہ پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور بھارت شامل ہیں۔ فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی ٹونٹی ورلڈ میں 5 اگست کو دو میچز کھیلے جائینگے، پاکستان کی ٹیم ایونٹ کے ابتدائی میچ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریگی۔
اسی روز دوسرا میچ افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کرنے والی ٹیم براہ راست فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیمیں پلے آف میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ پلے آف میچ کی فاتح ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ فائنل اور سیمی فائنل میچز 13 اگست کو کھیلے جائیں گے۔15 اگست کوووسٹر شائر میں میزبان انگلینڈ کا مقابلہ ریسٹ آف ورلڈ الیون ڈس ایبل کرکٹ ٹیم سے ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت سید نہار عالم شاہ کرینگے جبکہ ملک جہانزیب ٹوانہ انکے نائب ہونگے، دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ اعجاز، فرحان سعید، حمزہ حمید، حماد شوکت، حسنین عالم، کاشف نواز، ماجد حسین، محمد مطلوب، محمد حارث، محمد شہباز، محمد زبیر سلیم، سیف اللہ، وکٹ کیپر، واجد عالم اور واقف شاہ شامل ہیں۔ ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔