حسن علی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو شادی میں شرکت کی دعوت دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر حسن علی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دیدی۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پلیئرز ہمارے کرکٹ فیلو ہیں، میں تمام بھارتی کرکٹ ٹیم کو شادی میں مدعو کرنا چاہوں گا، انہیں بڑی خوشی ہوگی اگر بلیو شرٹس ان کی شادی میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم میں کسی کو سربالا بنانا پڑے تو شاداب خان ان کی اولین ترجیح ہوگی، وہ 22سال کا چھوٹا سا بچہ ہے اور میرا بہترین دوست ہے، وہ میرا ساتھ سربالا بنے اور بے شک سلامی کی تمام رقم خود ہی رکھ لے۔حسن علی کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ قومی ٹیم میں سے کسی اور کو گھوڑے پر بٹھانا پڑا تو فہیم اشرف ان کی ترجیح ہوں گے، ان کے دستیاب نہ ہونے پر ان کی ترجیح فخرزمان یا بابراعظم ہوں گے۔یاد رہے کہ حسن علی کی شادی 20اگست کو دبئی میں ہو رہی ہے، ان کی ہونے والی شریک حیات کا نام سامعہ ہے جو کہ غیر ملکی ایئرلائن میں فلائٹ انجینئر ہیں۔ شعیب ملک کے بعد حسن علی دوسرے پاکستانی کرکٹر ہیں جو بھارتی داماد بننے جارہے ہیں۔