کینیڈین لیگ؛شاداب خان نے 4اوورز میں 66رنز دے دیے

کینیڈین لیگ؛شاداب خان نے 4اوورز میں 66رنز دے دیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


برامپٹن(یواین پی) گلوبل ٹی 20کینیڈین لیگ میں شاداب خان،کرس گیل کے لاٹھی چارج کی زد میں آ گئے۔جارح مزاج بیٹسمین نے پاکستانی اسپنر کے ایک ہی اوور میں 32 رنز بٹور لیے، 4گیندوں کو فضائی اور 2کو زمینی راستے سے باؤنڈری کی سیر کرائی، شاداب کو 4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 66 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، محمد نواز اور شعیب ملک کچھ رنز بنانے میں کامیاب رہے، حفیظ کو صرف ایک وکٹ ملی۔تفصیلات کے مطابق گلوبل ٹی 20لیگ میں کرس گیل نے اپنی ٹیم وینکیور نائٹس کو ایڈمنٹن رائلز پر 6وکٹ سے فتح دلائی،166رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والے وینکیور نائٹس کو محمد حفیظ نے اپنے پہلے ہی اوور میں توبائس وائیسی کی وکٹ سے محروم کیا جوصرف ایک رن بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، دوسرے اینڈ پر موجود کرس گیل نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور تیزی سے ٹیم کو ہدف کی جانب لے جانے لگے۔

اس دوران انھوں نے پاکستانی اسپنر شاداب خان کے ایک اوور میں 32 رنز بنائے،ابتدائی2 بالز پر چھکے، اگلی 2 گیندوں پر چوکے اور پھر آخر میں 2 سکسرز جڑے۔ اس طرح گیل نے صرف 44بالز پر 94رنز بناکر ٹیم کی 6وکٹ سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم وہ مسلسل دوسری سنچری اسکور نہیں کرپائے، ایک رات قبل ہی انھوں نے ناقابل شکست 122رنز بنائے تھے، گیل کی اننگز کا اختتام محمد نواز نے شاندار کیچ تھام کر کیا، آخر میں شعیب ملک اور ڈینیئل سیمز نے بالترتیب 34اور 16رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کو 16.3اوورز میں ہدف عبور کرا دیا۔حفیظ نے2اوورز میں 5ر نز دے کر ایک وکٹ لی، شاداب خان نے4اوورز میں 66رنز دیے۔ اس سے قبل ایڈمنٹن رائلز نے 9وکٹ پر 165رنز اسکور کیے، بین کٹنگ 72اور محمد نواز 40رنز بنانے میں کامیاب رہے، حفیظ نے صرف 6رنزاسکور کیے، شعیب ملک نے 3اوورز میں 18رنز دے کر ایک وکٹ لی۔