ڈالر کی قیمت بڑھنے سے 6 کھرب کا قرضہ بڑھا، عقیل کریم ڈھیڈی
اسلام آباد (این این آئی)اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز کو اپنے ساتھ بٹھائیں اس سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ایک انٹرویو میں عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ پالیسی ریٹ 5.7 پوائنٹ تھا جسے 13.25 پر لے جایا گیا جس نے معیشت پر برے اثرات مرتب کیے اور پورا ملک مسائل سے دوچار ہو گیا ہے، اگر کاروبار خراب ہو جائے تو سنبھلنے میں تین ماہ لگ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کے بحران سے قبل کچھ کمپنیوں کو اندازہ تھا کہ معاملات خراب ہونے جا رہے ہیں اور انہوں نے بڑی تعداد میں اپنے شیئرز فروخت کیے اور رقم ادھر سے اْدھر کی۔ سیکیورٹی ایکسچینج کمپنی نے اس کی تحقیقات کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک دکاندار 20 ہزار ٹیکس دینے کے لیے ایڈوائزر رکھے گا جو دو ڈھائی لاکھ روپے لے گا تو مسائل خود بخود پیدا ہوں گے۔ اس لیے چھوٹے تاجر فکس ٹیکس کی بات کرتے ہیں جو غلط نہیں ہے۔عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے 6 ٹریلین کا قرضہ بڑھا ہے۔ وزیر اعظم کی وجہ سے سعودیہ عرب، قطر اور دیگر ممالک نے قرضہ دیا ہے اس میں کسی اور کا کوئی کمال نہیں ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی