ایک درخت 4 افراد کو آکسیجن فراہم کرتا ہے، زرتاج گل 

ایک درخت 4 افراد کو آکسیجن فراہم کرتا ہے، زرتاج گل 

  

لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ صحت حکومت پنجاب اور ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی خصوصی ہدایت پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن سرسبز پاکستان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل اور فیکلٹی ممبران نے شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ایک پرو قار تقریب کا انعقاد کیا تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل تھیں جبکہ چیئر پرسن ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب پروفیسر فضل احمد خالد، پارلیمانی سیکرٹری پنجاب عمر آفتاب ڈھلوں، ممبر پی اینڈ ڈی (صحت اور غذا) ڈاکٹر صہیل ثقلین، سابق چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب ڈاکٹر عظیم الدین زاہد اور اسسٹنٹ کمشنر مریدکے نے بطور گیسٹس آف آنرز شرکت کی اور شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروائس چانسلر، ڈین ممبر اکیڈمک کانسل، پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجوئیٹ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ایک درخت 4 افراد کو آکسیجن فراہم کرتا ہے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور انتظامیہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جو حکومت کی،سرسبز پاکستان کی مہم میں شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری سے سیلاب، زمین کا کٹاؤ، ماحول کی آلودگی اور گرمائش میں کمی آتی ہے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ذہین اور نوجوان طلباء اور طالبات طبی تحقیق کے ذریعے ماحول دوست تبدیلیاں لائیں گے۔چیئر مین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر فضل احمد خالد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی 6 میڈیکل یونیورسٹیز میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی قابل فخر ہے ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے انتہائی جذباتی انداز میں اپنی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے وابستگی اور ماضی کی یادوں کو تازہ کیا اور انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا موقع ہے کہ ہم اپنی مادر علمی کا حق ادا کر سکیں۔اولڈ کیمکولین ڈاکٹر عظیم الدین زاہد، سابق چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب نے کہا کہ وہ وزیر صحت پنجاب پروفیسر یاسمین راشد کے ساتھ مل کر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے وائس چانسلر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی اکیڈمک ریسرچ اور تاریخی خدمات پر روشنی ڈالی۔

 زرتاج گل 

مزید :

صفحہ آخر -