پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں میں زلزلہ

    پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں میں زلزلہ

  

پشاور، سوات،ژوب (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختوا کے اضلاع سوات، پشاور، نوشہرہ، تنگی اورنواحی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے کے قریب خیبر پختونخوا کے متعد د اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ پشاور، سوات، مینگورہ اور گردو نواح زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔ ایبٹ آباد، دیر بالا، تنگی اور نواحی علاقوں میں بھی زلزلہ آیا۔ زلزلہ آنے پر شہریوں میں شدید خو ف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان  میں کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 9  اور گہرائی 219 کلومیٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی۔قبل ازیں بلوچستان کے علاقے ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،ریکٹر اسکیل پر شدت 4.1ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق بلوچستان کے شمالی ضلع ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.1ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 28کلومیٹر جبکہ مرکز خضدار سے 20کلومیٹر مغرب کی جانب تھا۔

زلزلہ

مزید :

صفحہ آخر -