کرپشن کے راستے بند کرنے پراپو زیشن شور مچا رہی ہے،ہمایوں اختر

          کرپشن کے راستے بند کرنے پراپو زیشن شور مچا رہی ہے،ہمایوں اختر

  

لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت نہیں بلکہ ایک دوسرے کے مقابلے پر ہیں اور داؤ پیچ لگائے جارہے ہیں،ماضی میں انگلی کے اشاروں سے سیاست کرنے اورقومی خزانے میں نقب لگانے والوں کا اب کوئی بس نہیں چل رہا اس لئے حواس باختہ ہو چکے ہیں، وزیرا عظم عمران خان کے کرپشن کے خلاف بیانیے کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی بے پناہ مقبولیت ملی ہے، کیا ماضی میں کسی وزیر اعظم نے خود کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا گوارا سمجھا۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ ادوار میں کرپشن کی کئی جہتیں متعارف کرائی گئی ہیں، مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی نے کارکردگی میں تو ایک دوسرے کو پیچھے نہیں چھوڑا لیکن کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے میں ضرور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کے تمام راستے بند کر رہی ہے اس لئے اپوزیشن کے نام پر اکٹھے ہونے والے مافیاز کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ بغیر کسی جواز کے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے اعلان کرنے والے ماضی کی لوٹ مار اور کرپشن کا پیسہ واپس لانے کیلئے تحریک چلائیں ہم بھی ان کا ساتھ دیں گے۔ نہوں نے کہا کہ ایک سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم عمران خان کا 18اگست کو قوم کے سامنے پیش ہونے کا اعلان قابل ستائش ہے اور اس طرح کے اقدامات ہی اصل جمہوریت ہیں۔ ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور انشا اللہ جب پانچ سال بعد دوبارہ عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے۔

ہمایوں اختر

مزید :

صفحہ آخر -