کلسٹر بمباری مودی سرکار کا وحشیانہ فعل، قوم پا ک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیر اعلٰی پنجاب 

کلسٹر بمباری مودی سرکار کا وحشیانہ فعل، قوم پا ک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: ...

  

لاہور(نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کشمیریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی وادی کو معصوم کشمیریوں کے خون سے نہلا دیا ہے اوربھارتی فوج نے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔بھارتی ظلم و ستم اور تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا۔ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے۔کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیر ی عوام کے ساتھ کھڑی تھی،ہے اور رہے گی اورکشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے -پاکستان کی پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے- انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانا مودی سرکار کا وحشیانہ فعل ہے- بھارت جنگی جنون میں خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے-مودی سرکار کے جارحیت پسند عزائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلا حیت رکھتی ہیں -عثمان بزدارنے کہاکہ وطن عزیز کی عزت، وقار اور سلامتی کیلئے پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے-شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اوردعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے- 

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -