شہدائے پولیس کی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقاریب، مزارات پر پھول چڑھائے گئے، فاتحہ خوانی 

    شہدائے پولیس کی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقاریب، مزارات پر ...

  

لاہور،کوئٹہ،اسلام آباد،پشاور،کراچی،مظفر آباد(کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں یو م شہدائے پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت اور شہداء کے ورثاء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر یاد گار شہد اء سمیت شہداء کے مزاروں پر پھول بھی چڑھائے گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں یوم شہدائے پولیس کا آغاز قلعہ گجرسنگھ پولیس لائنز لاہور میں نماز فجر کے بعد فاتحہ خوانی سے ہوا۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں یادگار شہدا ء پرہونے والی سلامی کی تقریب میں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے شرکت کی یاد گارشہداپر پھول چڑھائے اور شہدائے کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی جبکہ مرکزی تقریب الحمرا ہال مال روڈ پر ہوئی،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ شہادت اللہ رب العزت کاخاص اعزاز ہے جسے وہ صرف اپنے منتخب کردہ خوش نصیب لوگوں کو عطا کرتا ہے جبکہ پنجاب پولیس کی آبیاری میں شامل 1492شہداء کا لہو اس حقیقت کا عکاس ہے کہ پنجاب پولیس کا افسرو جوان عوام کی جان ومال کے تحفظ اورپیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں  شہیدکے رتبے پر فائز ہونا اپنے لئے باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوم شہدائے پولیس تجدید عہد کا دن ہے کہ پنجاب پولیس عوام کی جان ومال اور عزت کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر لمحہ تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی احمد مبین اور زاہد محمود گوندل سمیت 15 سو کے قریب دیگر شہدا ء کی قربانیاں پولیس کے ہر افسر و اہلکار کو یاد دہانی کرواتی ہیں کہ پولیس فورس محض ایک ملازمت کا نام نہیں بلکہ انتہائی مقدس مشن ہے جسے وہ اپنے خون کے آخری قطرے تک پوری ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عظیم قومیں اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، پنجاب پولیس بھی اپنے شہداء کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے اپنے والدین، بچوں اور اہل خانہ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے قوم کی خدمت کے عظیم مشن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور محکمے کی عزت اور وقار کا چار چاند لگا دئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کے لواحقین کی بہترین ذمہ داری میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تقریب سے خطاب میں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے شہدائے پولیس کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا جو قومیں اپنے شہدا ء کو یاد رکھتی ہیں وہ ہمیشہ ترقی کرتی ہیں، یوم شہدائے پولیس جیسی تقریبات کو قومی کیلنڈر کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وسائل بہتر ہونے پر شہدا ء کی مراعات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ تقریب میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے خطبہ استقبالیہ میں شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں شہدائے پولیس کے بچوں نے ملی نغموں اور تقاریر سے شرکا ء کو گرما دیا جبکہ اس موقع پر شہدائے کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے تقریب کے اہتمام پر شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور شہدا ء کے بچوں میں خصوصی گفٹس بھی تقسیم کئے۔  یوم شہداء کی مناسبت سے پنجاب کے تمام اضلاع کی پولیس لائنز میں بھی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر ضلع کے شہداء کی فیملیز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تمام اضلاع میں علی الصبح افسران نے شہدائے کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ اضلاع کی پولیس لائنز میں ہونے والی خصوصی تقاریب میں آر پی اوز اور ڈی پی اوزصاحبان نے اپنے اضلاع کے شہدا کے لواحقین اور عزیز و اقارب کو خصوصی طور پر مدعو کیا اور انکی قربانیوں کی شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ کوئٹہ میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے یوم شہد اء کی تقرئب سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پولیس فورس نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا، ہمارے ملک اور قوم کے لئے ان قربانیوں سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہوسکتا جو پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران دی ہیں، آج ہم جس پرامن حالت میں سکون کے ساتھ رہ رہے ہیں یہ انہی قربانیوں کی بدولت ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے بلوچستان پولیس اپنے قیام سے ہی امن کی علم بردار ہے شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہمارا عظم مزید پختہ ہو تا جا رہا ہے پولیس کے ابھی تک 923 پولیس کے افسران اور اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں جس سے پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی عوام پولیس کے ساتھ تعاون کرے تو بدامنی پر قابو پایاجاسکتا ہے پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات کی ضرورت ہے۔تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حیدرعلی شکوہ، پولیس حکام اور شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔ اسلام آ باد میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں شہداء کے ورثاء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل عامر ذوالفقار خان تھے،آئی جی اسلام آباد نے پولیس لائن میں یاد گار شہداء پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔آئی جی اسلام آباد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آ باد پولیس کے 42افسران وجو ان ملک کی خا طر اوراس میں رہنے والے عوام کی جا ن و ما ل کے تحفظ کے جا م شہا دت نو ش کیا، ہما رے بہادر پولیس افسران جنہو ں نے اس ملک و قوم کی خا طر اپنی جا نو ں کو نذرانہ پیش کیا اور وہ ہم سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئے ہیں وہ عظیم لو گ نہ صر ف ہما ر ے دلو ں میں رہیں گئے، بلکہ ان کا نام ہمیشہ سنہر ی الفا ظ سے لکھا اوریا د رکھا جا ئے گا، ہمیں دکھ ضر ورہے مگر ان پر فخر ہے کہ وہ اپنے ملک کی خاطر شہا دت کے بلند تر ین رتبہ پر فائر ہو ئے کیو نکہ یہ مقام ہر کسی کو نہیں ملتا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمد چوہان،ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر محمد سلیم، دیگر سینئیر پولیس افسران اور شہداء کی فیملی نے بڑی میں تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے شہداء کی فیمیلیز میں چیک تقسیم کئے۔پشاورمیں متحدہ امن کمیٹی پشاور کے سربراہ مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ نے یوم شہدا ء پولیس کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ پشاور میں دعائیہ تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ امن کمیٹی پشاورملک و قوم کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو انکی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے ملکی امن و امان کے قیام میں افواج پاکستان اور پولیس کا کلیدی کردار ہے مولانا حسین مدنی نے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع کیلئے جانوں کی بازی گانے والے قومی ہیروز ہیں اور انکی جانثاری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی انہوں نے کہا کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے اور اس کی موت قوم کی حیات ہوا کرتی ہے۔اسی طرح کراچی میں پولیس لائنز میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیاگیا۔

یوم شہدائے کشمیر 

مزید :

صفحہ اول -