عمران اسمٰعیل کی حج کیلئے روانگی پر سراج درانی کو قائم مقام گورنر بنانے پر وفاق پریشان
کراچی(این این آئی)سندھ کے گورنر عمران اسماعیل 6اگست کوحج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے تو قائم مقام گورنر کون ہو گا۔ آئین کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گورنر ہوں گے لیکن وہ نیب کے ہاتھوں گرفتار ہو کر سب جیل میں ہیں، تو کیا اب سندھ کا گورنر ہاؤس سب جیل بنے گا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل منگل کی صبح حج کی ادائیگی کے لئے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوں، لیکن ان کی روانگی کے بعد قائم مقام گورنر کون ہو گا۔ یہ وہ سوال ہے جس پر گورنر ہاؤس کے حکام نے وفاقی حکومت سے قانونی مشورہ مانگ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نہیں چاہتی کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سندھ کے قائم مقام گورنر بنیں۔ اس لئے قانونی ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ اگر آغا سراج درانی 10دن تک سندھ کے قائم مقام گورنر رہیں گے تو اس صورتحال میں سندھ کے تاریخی گورنر ہاؤس کو سب جیل قرار دینا پڑے گا۔آئینی ماہر اور سینئر قانون دان میاں رضا ربانی نے گفتگو میں کہا کہ اگر گرفتاری کے دوران اسپیکر سندھ اسمبلی کے اجلاس کے صدارت کر کے امور انجام دے سکتے ہیں تو قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالنے میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اسپیکر بھی موجود نہ ہوں تو ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر بن سکتے ہیں۔گورنر ہاؤس کے ذمہ دار ذرائع کو فی الحال آئینی صورتحال سے متعلق وفاقی حکومت کے قانونی ماہرین کی رائے کا انتظار ہے۔
قائم مقام گورنر سندھ