ملک بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، مصطفی کمال

  ملک بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، مصطفی کمال

  

کراچی (این این آئی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو بھارت کیخلاف پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں وقت پڑا تو پاکستان کو بچانے کے لیے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے گلشن ضیا، اورنگی ٹان میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سو سے زائد کارکنان نے پی ایس میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایشیا کا دوسرا جبکہ دنیا کا سولہواں (16) مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔ حکمرانوں کے گرد موجود اشرافیہ اور امیر لوگ مزید دولت مند ہوتے جا رہے ہیں جبکہ غریب مزید غربت کی چکی میں پس رہا ہے۔ حکومت نے مڈل کلاس تقریبا ختم کر کے رکھ دی ہے جس کا ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔ سرحدوں پر موجود دشمن سے پوری قوم لڑنے کے لیے تیار ہے لیکن ملک میں مسلط نااہل حکمران انہیں یہ نوبت آنے سے پہلے ہی فاقے کروا کر مارنا چاہتے ہیں۔ ملک میں عوام کے وسیع تر مفاد اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی پالیسی نہیں بنائی جا رہی جبکہ ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات اور قانون سازی کی ضرورت ہے۔ حکومت اپنے ہر وعدے سے یو ٹرن لے چکی ہے۔ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اور صحیح سمت میں محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

مصطفی کمال

مزید :

صفحہ آخر -