کراچی کے تاجر رہنما آج چیئر مین ایف بی آر سے ملاقات کریں گے 

کراچی کے تاجر رہنما آج چیئر مین ایف بی آر سے ملاقات کریں گے 

  

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی کے تاجر رہنماء فکس ٹیکس کے نفاذ، استعمال شدہ گاڑیوں اورموبائل فون پر ڈیوٹی  سمیت دیگرمعاملات پر بات چیت کے لیے چیئرمین ایف بی آر سے (آج) پیر کو ملاقات کریں گے۔تاجر رہنماء  شرجیل گوپلانی نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری بات چیت کے ذریعے سے ہی تمام مسائل کا حل چاہتی ہے،  ملکی ترقی کے لیے کاروباری سرگرمیوں کا بہتر ہونا ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کا وفد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے (آج) پیرکو اسلام آباد میں ملاقات کرے گا۔ملاقات میں آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی،کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان، جنرل سیکریٹری سلیم میمن، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ، آل پاکستان جیولرز مینوفیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد خان،جامع کلاتھ الائنس مارکیٹس کے چیئرمین شیخ محمد ارشاد، آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ، کراچی موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ایچ ایم شہزاد اور کراچی آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر شمعون باقر علی سمیت دیگر تاجر رہنماء بھی ملاقات میں موجود ہوں گے۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی نے کہاہے کہ ملاقات میں فکس ٹیکس، استعمال شدہ گاڑیوں اور موبائل فون پر ڈیوٹی سمیت11نکاتی ایجنڈا شامل ہے، ہم تاجر برادری کوز یادہ سے زیادہ سہولت دلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر ٹیکس کا نظام پروان چڑھے لیکن اس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں تاکہ تاجر برادری زیادہ سے زیادہ ٹیکس کی ادائیگی کرے اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادی بات چیت کے ذریعے سے ہی تمام مسائل کا حل چاہتی ہے، اس کے لیے ہم گورنر سندھ عمران اسماعیل کی کاوشوں کو سرہاتے ہیں جنہوں نے کراچی کی تاجر برادری سے بھرپور تعاون کیا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -