اقوام متحدہ کو ایل او سی پر کلسٹر بم کے استعمال کا نوٹس لینا چاہئے،فردوس عاشق اعوان

اقوام متحدہ کو ایل او سی پر کلسٹر بم کے استعمال کا نوٹس لینا چاہئے،فردوس عاشق ...
اقوام متحدہ کو ایل او سی پر کلسٹر بم کے استعمال کا نوٹس لینا چاہئے،فردوس عاشق اعوان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی کا بھارتی مظالم کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی عالمی برادری کے لئے پیغام ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور موثر کردار ادا کرے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ او آئی سی نے گواہی دی ہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج بے گناہ شہریوں پر ممنوعہ کلسٹر ہتھیار استعمال کررہا ہے جس کا اقوام متحدہ، امن پسند اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ بھارت نہ بھولے کہ حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی۔

کشمیریوں کا قتل عام مہذب دنیا کا امتحان ہے۔ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کا جمہوری حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا۔ کشمیریوں کا ساتھ دے کر عالمی برادری کو جمہوریت سے اپنی وابستگی کا عملی ثابت دینا ہوگا۔

ان کا کہناتھا کہ او آئی سی کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنا ظالم اور قانون شکن بھارت کی ایک اور شکست ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے اعادہ پر او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ایک بار پھر دنیا کو کشمیریوں کے جائز، قانونی اور جمہوری حق کی طرف متوجہ کیا ہے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -