بجلی، گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 500سرکاری ملازمین کے کنکشن منقطع

بجلی، گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 500سرکاری ملازمین کے کنکشن منقطع

  

لاہور (خبرنگار)سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے نئے جی ایم طیب فیصل کی ہدایت پرٹاسک فورس نے شہر کے دو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران 530 گھروں پر مشتمل دو جعلی نیٹ ورک پکڑ لئے، وفاقی سرکاری کالونی میں افسران اور ملازمین بڑے پیمانے پر گیس چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ ٹاسک فورس کے چھاپوں کے دوران گیس ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی سوئی گیس کمپنی عامر طفیل کی ہدایت پر سوئی گیس کمپنی کے چیف انجینئر شہزاد احمد کی نگرانی میں ٹاسک فورس نے ایجرٹن روڈ پر واقع ایک وفاقی سرکاری کالونی میں گزشتہ روز چھاپہ مارا تو وہاں پرکالونی کو گیس سپلائی کرنے والا”بولک گیس میٹر“ 29لاکھ کا ڈیفالٹر ہونے پر منقطع تھا اور وفاقی کالونی میں رہائش پذیر 500 سے زائد افسران اور ملازمین ڈائریکٹ سپلائی لائن سے گیس استعمال کرتے پکڑے گئے۔ سوئی گیس کی ٹیم نے آپریشن شروع کیا تو بڑے بڑے وفاقی افسران اور ملازمین نے ہلہ بول دیا جس پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔ جی ایم سوئی گیس کمپنی طیب فیصل کے مطابق سپلائی پائپ لائنوں اور ملحقہ پلاسٹک پائپوں کو اکھاڑ کر قبضہ میں لے لیا گیا ہے اور گیس چوری پر500 سے زائد وفاقی افسران و ملازمین کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ اسی طرح سوئی ناردرن گیس کمپنی کی ٹاسک فورس نے شاہ پور کانجراں میں چھاپے کے دوران 30 گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا ہے۔ دریں اثناء لیسکوکے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایات پرسینٹرل سرکل میں ایس ای اللہ یار خان کی زیر نگرانی ایس ڈی او جی او آر سب ڈویژن حافظ ضرار عمر نے شاداب کالونی، میاں میر گاؤں اور لاریکس کالونی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس دوران 03میٹر ڈائریکٹ سپلائی جبکہ 01 شنٹ میٹر سے بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔آپریشن کے دوران ان کے کنکشن منقطع کرکے 12,000یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔ ایس ڈی او ائیر لائن سب ڈویڑن کعب فاروق وڑائچ کی ٹیم نے ڈویڑنل ٹاسک فورس کے ہمراہ جوہر ٹاؤن جے بلاک، ایچ بلاک اور کیو بلاک کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 05میٹروں کے کنکشنز کو بجلی چوری کرنے پر منقطع کیا اور 5700یونٹس کے ڈٹیکشن بل چارج کئے۔دریں ازں ایس ڈی او رانا ٹاؤن سب ڈویڑن جاوید الحق نے بھی اپنے اسٹاف کے ہمراہ ہنجروال،زمان پارک اور آمنہ پارک کے علاقوں میں 03میٹر ز ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑے، 9,500یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -