پانچ اگست بھارت کیلئے ڈراؤنا خواب بن جائے گا،ہمایوں اختر

پانچ اگست بھارت کیلئے ڈراؤنا خواب بن جائے گا،ہمایوں اختر

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ انشااللہ وہ دن ضرور آئے گا جب5اگست کا دن بھارت کیلئے ڈراؤناخواب بن جائے گا،مودی سرکار طاقت کے بل بوتے پر زیادہ دیرتک کشمیر پر اپنا ظلم اورجبر قائم نہیں رکھ سکتی اور اسے بالآخر منفی ہتھکنڈوں سے سرنڈرکرناہوگا، پاکستانی قوم مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو مستردکرتی ہے اور آج ”یوم استحصال“مناکر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہارکیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی کے یوتھ ونگ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ فاشسٹ نریندرمودی کواندازہ ہو چکا ہے کہ اس کا 5اگست کا اقدام اس کے گلی کے ہڈی بنے گا اور انشااللہ وہ دن اب زیادہ دورنہیں ہے۔

پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی جدوجہد میں سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک دوسرے کے لئے دھڑکتے ہیں اور بھار ت اپنے جبر کے ذریعے اس لازوال محبت کے رشتے کو ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کوپوری دنیا میں اجاگر کیا ہے اسی وجہ سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکارہے۔ آج پورے ملک میں یوم استحصال بھرپور طریقے سے منایا جائے گا جس فاشسٹ نریندر مودی کے اقدام کی مذمت اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -