گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا حکم، مزید کاروبار ایس او پیز کے تحت کھولے جائینگے: عثمان بزدار

گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا حکم، مزید کاروبار ایس او ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے موثر مہم چلائی جائے اور گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لئے ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے-وزیر اعلی عثمان بزدارنے اس ضمن میں صوبائی وزیر صنعت و پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کے سربراہ اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب کے نام مراسلے میں کہاہے کہ ضلع کی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اوراشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو اشیائے ضروریہ کے نرخوں کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے- ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں متعلقہ اضلاع میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں گی جبکہ پرائس کنٹرول ٹاسک فورس مصنوعی مہنگائی کے ایشو کے پائیدار حل کے لئے موثر اقدامات تجویز کرے گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا، غفلت قطعا برداشت نہیں کروں گا- عوام کو مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ صوبہ بھر میں مہنگائی،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا- سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عرفان اقبال کی قیادت میں مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی،جس میں صنعتکاروں او رتاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے- صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے اور میرا دفتر آپ کے لئے ہمہ وقت کھلا ہے-محکمہ صنعت، لیبر،سوشل سکیورٹی،پولیس او رانتظامیہ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے آج ہی ہدایات جاری کی جائیں گی- عید الاضحی سے قبل لاک ڈاؤن عوام کے مفاد میں کیا گیا- حکومت نے 3روز قبل ہی لاک ڈاؤن ختم کردیا ہے- انہوں نے کہاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے مزید بزنس ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے- نیگٹو لسٹ میں شامل بزنس فی الحال بند رہیں گے- تمام فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریں گے- اورنج لائن میٹروٹرین کا ٹیسٹ رن ہوچکاہے اورمیٹروٹرین کوجلد چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں - مفاد عامہ کے ہر منصوبے پر کام جاری رہے گا- سابق حکومت نے اپنے دور میں مفاد عامہ کے کئی منصوبوں پر کام روکا -پنجاب اسمبلی کی عمارت پر بھی 10برس کوئی کام نہیں ہوا-ملاقات کرنے والے وفد میں صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخوپورہ ملک منظور، صدرراولپنڈی صبور ملک، صدر گوجرانوالہ میاں عمر سلیم، سابق صدر فیصل آباد ضیا علمدار،چیئرمین چین سٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان رانا طارق،مرکزی صدر پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ حاجی طاہر نوید، پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ سنٹرل پنجاب کے صدر حاجی محمد خالد، صدر پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ لاہور میاں طارق فیروزاوردیگر عہدیداران شامل تھے -صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، سیکرٹری صنعت، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے -سردار عثمان بزدار یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شاہراہ قائد اعظم پر ایچی سن کالج کے قریب پولیس یادگار شہدا ء پر گئے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور پولیس کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی-وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں دینے والے پولیس افسران او رجوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں - پولیس کے شہداء ہمارا مان ہیں -یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے- شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا-

وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رواں ہفتے بارشوں کے خدشہ کے پیش نظرواساز اور لوکل گورنمنٹس کو اربن فلڈنگ کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیاہے اوراس ضمن میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کردی ہیں - وزیراعلی عثمان بزدارنے کہاہے کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور صوبہ بھر میں تمام برساتی نالوں، ڈرین اور واٹرچینلز کی فوری صفائی یقینی بنائی جائے-وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو بروقت موثر اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ  بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقو ں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں -  صوبہ بھر میں متعلقہ ڈیپارٹمنٹ اربن فلڈنگ کے لئے موثر اقدامات کریں - انہوں نے کہاکہ واساز اور تمام لوکل گورنمنٹس بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کریں - اربن فلڈنگ کے پیشگی سدباب کے لئے درکار آلات، مشینری اور دیگر وسائل کی فراہمی کا عمل تیز تر کیا جائے-انہوں نے کہاکہ سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا- عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال قطعاً برداشت نہیں -سڑکیں پانی میں ڈوب جائیں اور افسر دفتروں میں بیٹھے رہیں یہ کیسی فرض شناسی ہے-

سیلاب

مزید :

صفحہ اول -