خطے میں امریکی منصوبوں کا توڑ، چین نے نیپال کو گوادر سے ملانے کا پلان دیدیا

خطے میں امریکی منصوبوں کا توڑ، چین نے نیپال کو گوادر سے ملانے کا پلان دیدیا

  

 اسلام آبا د (مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے ہمالیہ کوریڈور منصوبے کی تجویز پیش کی ہے جس کے تحت نیپال کو گوادر سے ملایا جائے گا۔نیپال، افغانستان کے وزرائے خارجہ اور پاکستان کے وزیر معاشی ترقی کیساتھ 27 جولائی کی ویڈیو کانفرنس میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے عالمی وبا کے خلاف تعاون کو فروغ دینے کیلئے“گرین کوریڈور ”کے قیام کی تجویز پیش کی۔انہوں نے ٹرانس ہمالیہ راہداری کی تعمیر اور سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر بھی زور دیا۔ ٹرانس ہمالیہ راہداری نیپال کو تبت اور سنکیانگ کے راستے گوادر سے ملائے گی، جس سے نیپال پر بھارت کی تاریخی گرفت کمزور ہو گی۔اسلام آباد کی تجویز پربیجنگ کی سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی توثیق سے وہاں قدم جمانے کے بھارتی امکانات معدوم ہو گئے۔امریکی تھنک ٹینک جرمن مارشل فنڈ کے سینئر تجزیہ کار اینڈریو سمال کے مطابق چین سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے کیلئے تیار ہے، مگر ابھی احتیاط سے کام لے رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ برائے امن خلیل زاد نے جولائی کے اوائل میں سی پیک منصوبے کے حوالے سے پاکستان پر بھی دباؤ ڈالا اور خطے کیلئے امریکی منصوبوں میں تعاون پر زور دیا، جن کیلئے پاکستان کو اپنے دشمن بھارت کیساتھ کام کرنا پڑے گا۔ اس پر پاکستان نے فوری طور پر چین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا۔کابل کی خوشنودی کیلئے اسلام آباد نے بھارت کیساتھ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندی اٹھا لی، جبکہ افغانستان کیساتھ تمام تجارتی راستے کھول دیئے۔ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کی قیمت پر خطے میں امریکی مفادات کو فروغ دینے کی سفارتی مہم میں نئی تیزی زلمے خلیل زاد کے جولائی کے دورے کے موقع پر دیکھی گئی۔خلیل زاد اور بوہلر نے پاکستان، افغانستان اور پانچ وسط ایشیائی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے علاوہ قطر میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ افغانستان میں سب سے بڑے فنانسر کے طور پر واشنگٹن ملک میں اہم ترین جغرافیائی سیاسی کردار برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ یکم جولائی کو تاشقند میں وسط ایشیائی وزرائے خارجہ کیساتھ بات چیت کے دوران زلمے خلیل زاد نے تجویز دی کہ ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت کیساتھ ملانے کے ریلوے منصوبے کی تعمیر کیلئے امریکا مالی معاونت کر سکتا ہے۔

چین پلان 

مزید :

صفحہ اول -