کراچی، 38بڑے نالوں میں سے 22کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع

  کراچی، 38بڑے نالوں میں سے 22کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع

  

 کراچی(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کی گئی ہے جب کہ 19 نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سندھ حکومت نے اپنے سر لی ہے۔ صفائی کا دائرہ کار بھی آج سے بڑھا دیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے حکم پر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔گجر نالے کے پانچ مقامات پر صفائی کا کام جاری ہے۔بارشوں میں گجر نالے کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مقامات میں ناظم آباد، گلبہار، کشمیرکالونی اور لیاقت آباد شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق گجر نالے، کورنگی نالے اور مواچھ گوٹھ نالے پر ایف ڈبلیو او کام کر رہا ہے اور گزشتہ روز 4 ہزار 364 ٹن کچرا نالوں سے نکالا گیا۔شہر میں بلدیاتی اداروں اور حکومت سندھ کی جانب سے بھی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے بادل برسیں گے اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ تین روز جاری رہے گا۔15 اور 24 اگست کو پھر گھٹائیں آئیں گی جن سے بارشوں کا نیاسلسلہ شروع ہوگا لیکن نکاسی کا مناسب نظام نہ ہونے کے سبب شہر میں چند گھنٹے کی بارش ہی انتظامیہ کے لیے چیلنج ہو گا۔ قیوم آباد، محمود آباد، لیاقت آباد اور کے ڈی اے چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث صورتحال ابتر ہو جاتی ہے۔لیاقت آباد میں علاقہ مکینوں کو صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر شدیدشکایات ہیں۔ 

نالے،صفائی

مزید :

صفحہ آخر -