براق سینٹر خواتین کی رہنمائی اورمعاونت کرتا ہے، تارا عذرا داؤد
کراچی(اکنامک رپورٹر) لوگ عموماً کہتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کی تنظیموں کا مقصد کٹی پارٹیز، اس کے بعد سماجی تعلقات، کاروباری ترقی یا تربیت ہوتا ہے، لیکن ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کورونا وائرس کے آغاز سے ہی ہم لیڈیز فنڈ کا قیام عمل میں لائے جس کے تحت اعلیٰ معیار کی ورچوئیل ایجوکیشنل سیریز کا آغاز تسلسل کے ساتھ کیا گیا اور اس فنڈ کے تحت ہونے والی (براق ٹریننگز) نے خاص طور پر بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی۔ براق سینٹر لیڈیز فنڈ داؤد گلوبل فاؤنڈیشن،جرمن قونصلیٹ کراچی لمس نیشنل انکوبیشن سینٹر کے اشتراک سے قائم کیا گیا۔ جو پاکستان میں پہلا ادارہ ہے جو کاروبار اور جدت کے حوالے سے خواتین کی رہنمائی اور معاونت کررہا ہے، براق سینٹر ایک ایسا ادارہ ہے جو جنسی برابری پر یقین رکھتا ہے اور منفرد سوچوں کو ایک نئی جہت دیتا ہے، اس ادارے کا نعرہ (Watch Her Fly) ہے۔ براق ایک اسلامی لفظ ہے جس کا مطلب پروں والا گھوڑا ہے، اس ادارے کا مقصد تمام پاکستانی خواتین جو دنیا میں کہیں بھی ہوں، ان کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ منیب میار اس سیریز کے پہلے کو فاؤنڈر ہیں جو دراز پی کے کی سابق سی ای او اور بائیکیا کے بھی فاؤنڈر ہیں، وہ یہاں پر مارکیٹ، پروڈکٹ، یونٹ اکنامکس اور دیگر موضوعات پڑھارہے ہیں۔ داؤد گلوبل فاؤنڈیشن لیڈیزفنڈ کی صدر تارا عذراداؤد نے کہا ہے کہ منیب کو معلوم ہے کہ ایک نظریے کو کیسے عملی شکل دی جاتی ہے اور کس طرح ایک مضبوط بنیاد رکھی جاتی ہے۔ منیب میار نے کہا کہ اس بات کی اہمیت نہیں ہے کہ آپ کو محبت ملے بلکہ اس بات کی زیادہ اہمیت ہے کہ آپ کو عزت دی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کسی فرد کی خوبیوں اور خامیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے، مضبوط فیصلے سازی کیلئے یہ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس 90منٹ کے سیشن میں 30 منٹ کا سوال و جواب کا سیشن میں منیب میار نے تفصیلی سوالات کے جامع جوابات دئیے، انہوں نے بتایا کہ کسی کام کا آغاز کیسے کیا جانا چاہیے اور آپ کے مقاصد کیا ہونے چاہیئں۔