یونین کونسل 19 میں ڈبلیو ایس ایس پی عملہ کی شاندار کارکردگی

یونین کونسل 19 میں ڈبلیو ایس ایس پی عملہ کی شاندار کارکردگی

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری زاہد مہمند اور علاقہ گنج محلہ کوٹلہ رشید خان محلہ کشمیری، ملک پورہ، باقر شاہ وغیرہ نے یونین کونسل 19 میں عیدالاضحی کے دوران ڈبلیو ایس ایس پی عملہ اور یو سی 19 ایم آئی عابد سہیل کی شاندار کارکردگی کی بدولت علاقہ میں صفائی کی صورتحال پر ڈبلیو ایس ایس پی عملہ اور یو سی 19 ایم آئی عابد سہیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امسال ڈبلیو ایس ایس پی کے عملے نے انتہائی تندہی اور جانفشانی سے علاقے میں صفائی کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے نہ صرف علاقے کو صاف رکھا بلکہ کورونا وبا کے پیش نظر عوام کی حفاظت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر استعمال کئے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری زاہد مہمند نے کہا کہ عملہ نے انتہائی خلوص اور نیک نیتی سے اپنا ڈیوٹی فرض عین سمجھ کر ادا کی جس پر علاقے کی عوام ڈبلیو ایس ایس پی عملے اور ایم آئی عابد سہیل کی بے حد مشکور ہے۔ دریں اثنا سابقہ ناظم رضوان انور نے بھی اپنے بیان میں یونین کونسل 19 اور محلقہ علاقہ جات میں ایم آئی عابد سہیل اور ان کے تمام عملہ کی محنت اور کام کو سراہتے ہوئے ایم آئی عابد سہیل اور ان کی پوری ٹیم کے لئے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقہ عمائدین کی جانب سے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ سابقہ ناظم رضوان انور نے مزید کہا کہ اگر ہر محکمہ میں ایسے افراد ہوں تو پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی جو دن رات ایک کرکے اپنا فرض پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی سے اپیل کی کہ ایم آئی عابد سہیل اور ان کی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کو نقد انعام کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی کے سرٹیفکیٹ بھء دیئے جائیں تاکہ ڈبلیو ایس ایس پی اور اس کا تمام عملہ باقی تمام اداروں کے لئے مثال بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر ایم آئی عابد سہیل اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عید الاضحی کے دوران اپنی فرائض کی انجام دہی پوری لگن اور محنت سے کرتے ہوئے علاقے کے عوام کو پریشانی سے بچایا اور کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر استعمال کرتے ہوئے بیماری کے حملے سے بھی محفوظ رکھا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -