عوام کو آٹے کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی: قلندر خان لودھی

عوام کو آٹے کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی: قلندر خان لودھی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان  لودھی نے کہا ہے کہ اس وقت محکمہ خوراک  کے پاس ایک لاکھ 45 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے اور صوبے کی فنکشنل فلور ملز کو روزانہ کی بنیاد پر 2000 میٹرک ٹن گندم کی فراہمی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں صوبے میں گندم کی موجودگی کی تازہ صورتحال کے بارے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان، ڈائریکٹر محکمہ خوراک زبیر احمداوردیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر خوراک نے کہا کہ پاسکو سے ایک لاکھ ٹن گندم کی ترسیل شروع ہوچکی ہے جبکہ مزید 3لاکھ میٹرک ٹن گندم کا معاہدہ بھی  پاسکو کے ساتھ طے پاچکا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس کے علاوہ 3لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے لئے بھی لائحہ عمل جاری ہے۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ صوبے میں اسوقت آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ پنجاب سے بھی آٹے کی ترسیل شروع ہوچکی ہے۔ قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی 860 روپے میں پورے صوبے میں فروخت کی جارہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ محکمہ خوراک کی جانب  سے آٹا ڈیلرز کے متعلق وضع کردہ پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ کیونکہ عوام کو سستے داموں آٹے کی ترسیل ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو خدمات کی فراہمی تحریک انصاف  حکومت  کی اولین ترجیح ہے جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں محکمہ خوراک عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنا رہا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -