شہباز شریف بھی وزیر اعظم کے ہم زبان ہوگئے،یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تنازعہ جموں و کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد کرائے.
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوج کا انخلا کراکے اپنی نگرانی میں آزادانہ اورغیرجانبدارانہ استصواب رائےمنعقد کرائے، جموں و کشمیر کے حل تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہیں گے،کشمیریوں کو ان کا جمہوری، قانونی اور اخلاقی حق نہ دینا دنیا میں جنگوں کی حوصلہ افزائی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ شہباز شریف نے اسلامی مماملک کی تنظیم او آئی سی کا اعلی سطح کا اجلاس بلانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست عالمی ضمیر سور اقوام متحدہ کی ساکھ کے مجروح ہونے کا دن ہے، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، مودی کا ظلم کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہونے سے نہیں روک سکتا،بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، کشمیری نوجوانوں اور کم سن بچوں کو بھارتی عقوبت خانوں میں مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیریوں کی اپنی آزادی اور حقوق کے لئے آواز دبانے کے لئے جبرو استبداد کے بہیمانہ ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں، کشمیری خواتین اور بچوں پر مظالم پر عالمی اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت حکومت کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کا اقدام اٹھائیں ۔