”گیمز کھیلنے کیلئے نوٹ 20 سے بہتر کوئی فون نہیں“ موبائل گیمز کے دیوانے نوجوانوں کیلئے رواں سال کی سب سے بڑی خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جدید دنیا کے سمارٹ فونز بھی جدید ہو گئے اور اب صارفین ہر ایک کام اپنے موبائل کے ذریعے ہی سرانجام دینا چاہتے ہیں جبکہ نوجوانوں میں ویڈیو گیمز کی مقبولیت نے سمارٹ فونز کی دوڑ میں بھی اضافہ کر دیا ہے اور ہر کمپنی بہتر سے بہترین ڈیوائس تیار کرنا چاہتی ہے جس پر معروف گیمز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر باآسانی سرانجام دئیے جا سکیں۔
معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے نوجوانوں کیلئے ایک ایسا ہی ’تحفہ‘ تیار کیا ہے جس کی گلیکسی نوٹ سیریز کی صورت میں آج رونمائی کی جائے گی اور اس کے چند فیچرز سے متعلق معلوم ہونے پر نوجوان بے صبری سے اس کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ کمپنی نے اسے گیمنگ کے دیوانے افراد کیلئے انتہائی طاقتور ڈیوائس قرار دیا ہے۔
گلیکسی نوٹ 20سیریز کو گیمنگ کے حوالے سے ایسا طاقتور بنایا گیا ہے کہ سام سنگ نے اس سے پہلے کوئی ڈیوائس اس طرح ڈیزائن نہیں کی۔ ڈیوائس کے گیم بوسٹر میں مصنوعی ذہانت کے حامل فیچرز شامل کئے گئے ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ معیاری ’این پی یو‘ (NPU)نصب کیا گیا ہے جو مانیٹر کرے گا کہ آپ کے فون پر گیمز کیسے چلتی ہیں اور خودکار طریقے سے فون کی سیٹنگز کو ایڈجسٹ کرے گا جس سے آپ کو گیمنگ کا انتہائی منفرد تجربہ حاصل ہو گا۔
گلیکسی نوٹ 20 الٹرا میں 240 ہرٹز کا ٹچ لیٹنسی بھی دیا گیا ہے اور بلیوٹوتھ آڈیو ریسپانس کا فیچر بھی اس سیریز میں شامل کیا گیا ہے۔ڈیوائس کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے گلیکسی نوٹ 20میں دنیا کا سب سے سلم(Slim) ’ویپرچیمبر کولنگ سسٹم‘ لگایا گیا ہے جبکہ اس میں 120HZ کا ڈسپلے دیا گیا، گیمنگ کے شوقین افراد سمجھ سکتے ہیں کہ 120HZ کا ڈسپلے ان کے گیم پلے پر کس طرح اثر انداز ہو سکتا ہے اور وہ اپنے حریفوں کو کیسے چت کر سکتے ہیں۔