معروف عالم دین کو دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر آپ بھی دیدہ دلیری پر حیران رہ جائیں

معروف عالم دین کو دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر آپ ...
معروف عالم دین کو دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر آپ بھی دیدہ دلیری پر حیران رہ جائیں

  

کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی کے تھانہ فتح شاہ کی حدود میں دن دیہاڑے معروف عالم دین مولانا احسان الحق اور اجناس کے بیوپاری سید نعیم شاہ کو اسلحے کی نوک پر لوٹ لیا گیا۔

واردات تھانہ فتح شاہ کی حدود میں مین سڑک کے اوپردن دیہاڑی انجام پائی۔ کوٹ سادات سے تعلق رکھنے والے مولانا احسان الحق اپنے دوست سید نعیم شاہ کو موٹرسائیکل پر بورے والا چھوڑنے جارہے تھے کہ تھانہ فتح شاہ سے چند کلومیٹر دور مرکزی شاہراہ پر چیمہ کاٹن فیکٹری کے سامنے تین ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پر لوٹ لیا۔

سید نعیم شاہ کی مدعیت میں پولیس تھانہ فتح شاہ کو دی گئی درخواست کے مطابق ڈاکو مدعی سے 17 ہزار روپے نقدی اور ایک عدد سمارٹ فون جبکہ مولانا احسان الحق سے 3 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے۔

سید نعیم شاہ نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ انہوں نے قریبی پٹرول پمپ پر نماز ادا کی جس کے بعد وہ مرکزی شاہراہ پر تھوڑی ہی دور گئے تھے کہ بلا نمبری موٹرسائیکل پر تین ڈاکو ان کا تعاقب کرتے ہوئے آئے اور چیمہ کاٹن فیکٹری کے گیٹ کے آگے انہیں روک کر لوٹ لیا۔

مولانا احسان الحق نے بتایا کہ بادی النظر میں ڈاکو ان کا دور سے ہی تعاقب کر رہے تھے، " میں تو ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری پر حیران ہوں کہ سامنے کیمرا لگا ہوا ہے اور وہ بے خوف و خطر واردات کر رہے ہیں ، تینوں ڈاکوؤں کے چہرے صاف نظر آرہے تھے اگر پولیس ہمت دکھائے توڈاکوؤں کو شناخت کرکے آسانی سے پکڑا جاسکتا ہے۔"

دوسری جانب چیمہ کاٹن فیکٹری سے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح تین ڈاکو بڑی آسانی کے ساتھ اسلحے کی نوک پر واردات کرکے جس راستے سے آئے اسی پر فرار ہورہے ہیں۔

سید نعیم شاہ اور مولانا احسان الحق نے ایس ایچ او تھانہ فتح شاہ، ڈی ایس  پی بورے والا ، ڈی پی او وہاڑی سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح مرکزی شاہراہ پر دن دیہاڑے لوٹ مار کی واردات پولیس کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے، پولیس جلد از جلد ڈاکوؤں کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ٹریس کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔

مزید :

جرم و انصاف -علاقائی -پنجاب -وہاڑی -