جمہوریت کے چمپئن ہونے کا دعویدار بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے،بلوچستان سے ہندوستان کےخلاف سب سے بڑی آواز بلند ہو گئی
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے چمپئن ہونے کا دعویدار بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے جس کے خلاف پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر صدائے حق بلند کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر کھل کر بات کی بلکہ پاکستان نے روز اول سے ہی کشمیر کے حوالے سے بہت سے اقدامات کئے ہیں، ہماری کوشش تھی کہ بلوچستان سے بھی کشمیری بھائیوں کے لئے موثر انداز میں کوئی آواز اٹھائیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس اور بعد میں اپوزیشن اراکین کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ بلوچستان سے بھی کشمیر کے لئے کوئی موثر آواز اٹھائیں، ایک طرف بھارت جمہوریت کے چمپئن ہونا کا دعویٰ کرتا ہے لیکن دوسری جانب سے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، آج دنیا پر بھارت کی بہت سے مظالم اور چیزیں واضح ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ سے ہی موثر انداز سے اقدامات کئے ہیں بلکہ تمام صوبائی حکومتوں نے بھی کشمیر کے حوالے سے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ میں کھلے انداز سے گفتگو کی جہاں لیڈرشپ مسائل کو کھلے انداز میں حل کرنا چاہتی ہیں وہاں مسائل بہتر انداز میں حل ہوا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آج اپنے فیصلے خود کررہی ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، اراکین اسمبلی مبین خان خلجی، بشریٰ رند، عبدالخالق ہزارہ، محمد نواز کاکڑ، حاجی اصغر ترین، میر گہرام بگٹی ودیگر بھی موجود تھے۔