بھارت کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،سعید الحسن شاہ

بھارت کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،سعید الحسن شاہ

  

لاہور (فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت گزشتہ 7عشروں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔بھارت کی ظالمانہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ مودی نے 5 اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اوربھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پرپہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ 

بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی آواز دبا نے کیلئے ظلم کا ہرہتھکنڈہ استعمال کیا ہے۔ مگربھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادراور آزادی پسند عوام کے ارادوں کو کبھی متزلزل نہیں کرسکتے۔ بھارتی انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاگیاہے۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈاؤن کو2سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشاء  اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیااور بھارتی حکومت کا 5اگست کا اقدام بھارت کے متصب چہرے پر بدنما داغ ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل ضروری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بہترین وکیل اور انکی مضبوط آواز ہیں جنہوں نے ہر فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -