بلاول بھٹو 10محرم کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کی نئی تنظیم سازی کا اعلان کرینگے 

  بلاول بھٹو 10محرم کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کی نئی تنظیم سازی کا اعلان ...

  

 لاہور(شہزاد ملک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 10 محرم کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کی نئی تنظیم سازی کااعلان متوقع ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشورہ محرم کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بلاول ہاؤس لاہور آئیں گے اور پھر یہاں پر وہ مہینوں تک قیام کریں گے اور اس دوران وہ پیپلز پارٹی پنجاب کے ہرضلع اور تحصیلوں  کی تنظیموں کے ساتھ بھی باری باری ملاقاتیں کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بلاول ہاؤس لاہور میں اپنے اس طویل قیام سے قبل پیپلز پارٹی پنجاب کی تنظیم کااعلان کردیں گے وہ پنجاب کی نئی تنظیم سازی کے حوالے سے خود بڑی گہرائی کے ساتھ ہر ایشو کاجائزہ لے رہے ہیں اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے چیف آرگنائزر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے سفارشات پر مبنی نام موصول ہونے کے بعد پارٹی کے لوگوں سے ملاقاتیں کرکے انہی ناموں میں سے کسی ایک نام کو فائنل کرکے ان کا باقاعدہ نوٹفکیشن بھی جاری کردیں گے،چیئرمین پیپلز پارٹی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک  پیپلز پارٹی پنجاب کی نئی تنظیم سازی کے حوالے سے جو نام میڈیا کی زنیت بن رہے ہیں ان میں سے کوئی بھی نام ابھی فائنل نہیں ہوا ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ابھی اس حوالے سے کوئی غور ہی نہیں کیا ہے تو یہ بھی بے جا نہ ہو گا  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی پنجاب کی نئی تنظیم سازی کااعلان جلد بازی میں نہیں بلکہ بڑی سوچ بچار کے بعد کرنا چاہتے ہیں اور امکان ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی نئی تنظیم سازی کا اعلان کردیں اور پھر اس کے بعد وہ مستقل طور پرلاہور میں ڈیرے ڈال کر بیٹھ جائیں گے اور جیالوں کا یہ شکوہ کہ ان کی لیڈر شپ لاہور میں مستقل قیام نہیں کرتی اس کو بھی دور کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ وہ لاہور قیام کے دوران روزانہ کی بنیادوں پر کارکنوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیں گے۔ 

بلاول

مزید :

صفحہ اول -