سوڑا ڈیم کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے: عثمان بزدار

  سوڑا ڈیم کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ز یر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے منصوبوں اور ڈیرہ غازی خان و راجن پور کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے ڈیم بنانے کے منصوبے پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ آبپاشی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کومزید تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے۔ منصوبوں کوٹائم لائن کے ساتھ مکمل کیا جائے۔حکومت محکمہ آبپاشی کے منصوبوں کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل کیلئے پورا سپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقے سوڑا ڈیم کے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیزکی جائے۔ ہل ٹورنٹس کے پانی کومحفوظ کر کے زرعی اور آبپاشی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے-سوڑا میں ڈیم بننے سے تونسہ تک لوگوں کو وافر پانی ملے گااور زرعی شعبہ میں ترقی ہوگی-انہوں نے کہا کہ سوڑا ڈیم کا منصوبہ علاقے کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا-ڈیم کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ہر سال موسم برسات میں پہاڑی نالوں میں بہنے والا پانی ضائع ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پانی کو محفوظ کرکے استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔سیکرٹری آبپاشی نے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری آبپاشی،سیکرٹری زراعت،سیکرٹری خزانہ اورنیسپاک کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ سردار عثمان بزدار نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اوربھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پرپہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاگیاہے۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈاؤن کو2سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -