بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے 2 سال سے ظلم کی انتہاء کردی،شاہ فرمان 

 بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے 2 سال سے ظلم کی انتہاء ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ آج 5  اگست 2021 کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وبربریت کی تاریخ میں غیرانسانی اقدام استحصال کشمیر کو 2 برس ہوگئے۔ بھارتی حکومت کامظلوم کشمیری عوام کا تشخص مٹانے کامذموم اقدام اور ظالمانہ فوجی محاصرہ عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں 2 سال سے جاری فوجی محاصرے میں کشمیری عوام پر مظالم اورمصائب کی حد کردی گئی لیکن تمام تر ظلم وجبرکے باوجود بھارت ابھی تک اپنے مذموم مقاصدمیں کامیاب نہیں ہوسکا اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ان خیالات کا اظہار گورنرنے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کیاہے۔ گورنرشاہ فرمان کا کہناتھا کہ ایک اکثریت مسلمان آبادی کی نسل کشی کرنے اوران کا تشخص مٹانے کی مذموم کوشش بھارتی حکومت کا انتہائی شرمناک اقدام ہے۔ 5  اگست 2019 کو بھارتی حکومت کے مظلوم کشمیریوں کی خودمختاری غصب کرنے کے سیاہ اقدام میں مقبوضہ کشمیرکو ایک ایسی جیل میں تبدیل کردیا جس میں تمام بنیادی انسانی ضروریات کو چھین لیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج نے گذشتہ 2 سال سے مقبوضہ وادی کو خاردارتاروں میں جکڑ کر کشمیریوں کو گھروں میں محصورکیاہواہے اور اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کے بے گناہ قتل عام، انسانی بنیادی حقوق کی پامالیوں اورانسانیت کی تذلیل جیسے واقعات میں شرمناک حدتک اضافہ کیاگیا لیکن غیور اوربہادر کشمیری عوام اپنے تشخص اورآزادی کیلئے بھارتی فوج کے غیرقانونی محاصرے کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور تمام تر مظالم کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ گورنرنے کہاکہ5  اگست2019 کوبھارت کا کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا غیرقانونی اقدام اوربھارتی فوج کا محاصرہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ بھارت کشمیری عوام پرمظالم اوران کا تشخص مٹانے جیسے گھناؤنے اقدامات سے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت اور بھارتی قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کبھی دور نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ آج نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کی عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کشمیر منارہے ہیں۔ اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھرمیں اپنی موثر اواز اٹھاتارہے گا اور کشمیری عوام کی ہرعالمی فورم پر اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری مسلمان اپنی جدوجہد آزادی میں کامیابی حاصل کرے گی۔

مزید :

صفحہ اول -