نیب ایگزیکٹو بورڈ کی 5انویسٹی گیشن، 11انکوائریوں کی منظوری، ایم این اے سید باسط سلطان فاطمہ گروپ کیخلاف انکوائری بند
اسلام آباد(آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب)نے 05نوسٹی گیشنز اور 11 انکوائریز کی منظوری دیدی، مخدوم ذادہ سید باسط احمد سلطان رکن قومی اسمبلی مظفر گڑھ اور دیگر،میسرز فاطمہ گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹرز/سی ای اوز اور دیگر کے خلاف انکوائریز اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دیدی، چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پلی بارگین کی منظوری معزز احتساب عدالت دیتی ہے،پلی بارگین میں ملزم نہ صرف اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہے بلکہ ملک و قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپس کرتا ہے، بدھ کو نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں۔ نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے جو قانون کے مطابق ہر شخص کی عزت نفس کا احترام کر نے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔نیب کی تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی جاتی ہیں جوکہ حتمی نہیں ہوتیں۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلا س میں منیر احمد پراجیکٹ ڈائریکٹرپسنی فش ہاربر اتھارٹی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز میں خردبردکا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 412.18ملینروپے کا نقصان پہنچا۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 05نوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں میر عبد الغفورلہڑی سابق وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان اور دیگر،نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ضلع خضدار کے افسران /ا ہلکاران اور دیگر،کوئٹہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر،فیڈرل لینڈ کمیشن،ریونیو ڈیپارٹمنٹ تحصیل ہارون آباد ضلع بھاولنگرکے افسران /اہلکاران اور دیگر،واپڈاواٹر ونگ اسلام آباد کے افسران /اہلکاران اور دیگر(کچھی کینال) کے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 11 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔جن میں سابق وزیر اعلی پنجاب،سابق ایم این اے، سابق کمشنربہاولپور اور دیگر،کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران /اہلکاران اور دیگر،سکندر عمرانی سابق ضلعی ناظم نصیر آباداور دیگر،علی احمد مینگل سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ اور دیگر،پاکستان سٹیٹ آئل کے اہلکاران اور دیگر، بلوچستان ریونیو اتھارٹی کوئٹہ کے افسران/اہلکاران اور دیگر، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اوستہ محمد ضلع جعفرآباد کی انتظامیہ اور دیگر،محکمہ جنگلات جھل مگسی ضلع جعفر آباد کی انتظامیہ اور دیگر،قیصر شبیر،فیصل شبیر ڈائریکٹرز میسرز شجاع آباد آئل ملز،میسرز شبیر فیڈ ملز اور میسرز شجاع آباد ویونگ ملز اور دیگر،وائس چانسلرخواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان اور دیگر،ایڈمنسٹریٹر/کمشنر میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملتان اور دیگرکے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں داود خلجی سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر،نواب محمد خان شاہوانی وزیرسروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کے خلاف انکوائریزقانون کے مطابق اینٹی کرپشن بلوچستان کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں مخدوم ذادہ سید باسط احمد سلطان رکن قومی اسمبلی مظفر گڑھ اور دیگر،میسرز فاطمہ گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹرز/سی ای اوز اور دیگر کے خلاف انکوائریز اب تک کے عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ