کسانوں کااستحصال برداشت نہیں کر سکتے، مفادات کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے: اسد قیصر

کسانوں کااستحصال برداشت نہیں کر سکتے، مفادات کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں ...

  

  اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ وہ کسی صورت کسانوں کا استحصال برداشت نہیں کرسکتے،کسانوں کے مفادات کے لیے ہر اقدامات اٹھائیں گے، فصلوں کو بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے، تمباکو کے کاشتکاروں سے تمباکو کی خریداری میں رکاوٹوں کو دورکیاجائے۔بدھ کوسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دورا ن قبائلی اضلاع سے متعلق اہم امور پر  گفتگو کی گئی اور کسانوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔اس دوران اپنی گفتگو میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ میں کسی صورت کسانوں کا استحصال برداشت نہیں کرسکتا۔کسانوں کے مفادات کے لیے ہر اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے تمباکو کے کاشتکاروں سے تمباکو کی خریداری میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فصلوں کو بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔سپیکر نے حکومت کے قبائلی عوام اور غریبوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاکہ سابقہ فاٹا کے تمام اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوام کی محرومیاں ختم کرنا اولین ترجیح ہے، قبائلی اضلاع میں معاشی سرگرمیاں شروع ہونے  سے روزگار ملے گا۔کامیاب جوان پروگرام سے قبائلی نوجوانوں کو روزگار دینگے۔سابقہ فاٹا کے ترقیاتی پیکج منتخب قبائلی قیادت  اور عوام کی مشاورت سے آگے بڑھایا جائے گا۔کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو قرضہ دینگے تاکہ وہ اپنا روزگار شروع کرسکیں اور معاشی اعتبار سے اپنے پاؤ ں پر کھڑا ہوسکیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ نئے اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کا اجرا قبائلی عوام کے لیے حکومت کا بہت بڑا تحفہ ہے۔

اسد قیصر

مزید :

صفحہ آخر -