پاکستان میں ترقی کا نیا سفر شروع ہو چکا ، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں: صدرمملکت

پاکستان میں ترقی کا نیا سفر شروع ہو چکا ، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں ...
پاکستان میں ترقی کا نیا سفر شروع ہو چکا ، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں: صدرمملکت

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کا نیا سفر شروع ہو چکا ہے جسکا دنیا بھی اعتراف کر رہی ہے،ملک میں کاروبارمیں آسانی کیلئے کئی کامیاب اصلاحات متعارف کی گئی اور ماحول کو سازگار بنایا گیا ہے، علاقائی ممالک خطے میں تجارتی و اقتصادی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں جس کیلئے امن ضروری ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

 ایوان صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے مختلف ممالک کے سفرا کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کے آغاز اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے ساز گار ماحول بنانا ہوتا ہے، اس مقصد کے لئے موجودہ حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کی حکومت نے کوروناوبا کے خلاف انتہائی کامیاب حکمت عملی اختیار کی جس میں لوگوں کی صحت کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات کے لئے احساس اور ملکی معیشت کو رواں رکھنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا، ہمارا ہدف پاکستانی عوام کے معیارزندگی کو بلند کرنا ہے،ہم نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری سمیت لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری کیلئے کسی بھی ملک میں امن ناگزیر ہے، ہم نے کشمیر کے مسئلے پر اقوا م متحدہ اور عالمی برادری کے وعدوں پر یقین کیا تھا، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں لڑی جاچکی ہیں، عالمی برادری اپنے مفادات کے باعث مسئلہ کشمیر پر انصاف و حق کا ساتھ نہیں دے پارہی، پاکستان اور وسط ایشیائی ریاستیں زمینی و فضائی روابط کو فروغ دے رہی ہیں، علاقائی ممالک خطے میں تجارتی و اقتصادی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں جس کیلئے امن ضروری ہے۔

انہوں نے ملکی ترقی کیلئے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کو روزگارکےمواقع فراہم کرنےکیلئے متعدد پروگرامز پر عمل پیرا ہے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ مسلمان تاجروں نے سچائی ، ایمانداری کی بنیاد پر دنیا بھر میں نام کمایا، آج بھی ان اقدار کی اشد ضرورت ہے۔

مزید :

قومی -